ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ۔ کاروار بحری اڈے پر چوکسی میں اضافہ۔ جنگی جہازہوئے گجرات کی طرف روانہ

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ۔ کاروار بحری اڈے پر چوکسی میں اضافہ۔ جنگی جہازہوئے گجرات کی طرف روانہ

Thu, 28 Feb 2019 14:12:34    S.O. News Service

کاروار28؍فروری (ایس او نیوز) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے تناؤ اور جنگ شروع ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کاروار کے بحری اڈے پر چوکسی بہت زیادہ بڑھادی گئی ہے۔ اور یہاں پر موجود جنگی جہازوکرم آدتیہ کے ساتھ12جنگی جہازوں کے بیڑے کو احتیاطی طور پر گجرات کے سمندر کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔

ہندوستان کی طرف سے دہشت گردوں کے اڈے پر حملے کے بعد پاکستان کی طرف سے بھی جوابی کارروائی کرنے کے امکانا ت کی وجہ سے کرناٹکا کے ساحلی علاقے میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ کاروار کے ارگا میں موجود کدمبا بحری اڈے کے لئے اسٹیٹ ۔1ہائی الرٹ جاری ہوا ہے۔فائٹر ہوائی جہاز برداربحریہ کے جنگی جہاز وکرم ادتیہ سمیت باقی جہازوں کو پٹرولنگ پر روانہ کردیا گیا ہے۔اوریہ بحری بیڑا جنگی جہاز وجراکوش میں موجود ہتھیاراور عملے کے ساتھ ممبئی کے راستے گجرات کے سمندر میں پہنچ گیا ہے۔جنگی جہازوں کے علاوہ سب میرین جہازوں کو بھی تیار رکھے جانے کی بات معلوم ہوئی ہے۔

کاروار کے کدمبا بحری اڈے پر فرائض انجام دینے والے تمام عملے کے لئے موبائل فون کے استعمال پرپابندی لگائی گئی ہے۔سیکیوریٹی کو بہت ہی زیادہ سخت کیے جانے کے بعد تمام عملے کو اپنے موبائل فون مین گیٹ پر ہی جمع کرنے کے احکام جاری کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ عملے سے متعلق جو بھی افراد چھٹی پر تھے ان سب کو واپس ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے احکام بھی جاری ہوئے ہیں۔بحیرۂ عرب میں نیوی اور کوسٹ گارڈ کی طرف سے خصوصی نگرانی کی جارہی ہے۔اس کے لئے ڈرونیئر ہیلی کاپٹرس کی بھی مدد لی جارہی ہے۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے پر بھی پولیس کے ذریعے چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں اور موٹر گاڑیوں کی تلاشی لینے کا کام ہورہا ہے۔


Share: